نئی دہلی، 2/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعظم مودی کے مدھیہ پردیش اور راجستھان دوروں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیاہے۔ پیر کو پھر وہ ان دونوں ریاستوں کے دورے پر ہوں گے جس کے دوران راجستھان میں ۷؍ ہزار کروڑ اور مدھیہ پردیش میں ۱۹؍ ہزار ۲۶۰؍ کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹس کا یاتو سنگ بنیاد رکھا جائےگا یا پھر افتتاح ہوگا۔ اتوار کو دفتر وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاع کے مطابق نریندر مودی مہسانہ-بھٹنڈہ-گرداس پور گیس لائن کا افتتاح کریں گے جو ۴؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ کی لاگت سے تیار ہوئی ہے۔
اس کےساتھ ہی وہ ابو روڈ پر ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے ایل پی جی پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ پلانٹ سالانہ ۸۶؍ لاکھ ایل پی جی سلنڈر بھرنے اور تقسیم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ مدھیہ پردیش جہاں الیکشن سے قبل حکومت مخالف لہر شدید تر ہوتی نظر آرہی ہے، پر وزیراعظم کی خاص نظر ہے۔ وہ پیر کے دورے کے ۳؍ہی دن بعد ۵؍ اکتوبر کو پھر مدھیہ پہنچیں گے۔ جمعرات کے اس دورہ میں وہ جبل پور میں ہوں گے۔ اس دوران وہ ۱۵؍ ہزار روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور بھومی پوجن کریں گے۔ مدھیہ پردیش میں بی جےپی کے صدر ریاستی صدر وشنودت شرما نے بتایا کہ گوالیار میں وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان۲؍ اکتوبر کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گرہ پرویشم پروگرام - دیہی، پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ایک ہزار ۳۵۵؍ مکانات اور دیگر یونٹوں کا افتتاح کریں گے۔